وزیراعلیٰ سہیل آفریدی توہین عدالت کے مرتکب ہوئے: گورنر فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرکے لانگ مارچ میں شرکت کے لیے لکی مروت پہنچے، جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو سرکاری ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور سے لکی مروت کے علاقے گنڈی چوک پہنچتے دکھایا۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ نے وہاں سے وفاق کی جانب پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی قیادت کی۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے واضح احکامات موجود تھے، اس کے باوجود سرکاری وسائل کا استعمال کرتے ہوئے لانگ مارچ میں شرکت کرنا عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ نے عدالتی احکامات کو نظر انداز کیا، جس پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کا معاملہ بھی سامنے آ سکتا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سرکاری عہدے پر موجود شخص کو عدالت کے احکامات اور سرکاری وسائل کے استعمال سے متعلق قوانین کی پابندی کرنی چاہیے۔
گورنر کے بیان کے بعد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال اور لانگ مارچ میں شرکت کے معاملے پر سیاسی بحث مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔








