وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مذاکرات کا 7 نکاتی ڈرافٹ جاری کردیا

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مذاکرات کا 7 نکاتی ڈرافٹ جاری کردیا

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کے ساتھ مذاکرات میں پیش کیے گئے 7 نکاتی ڈرافٹ کو سوشل میڈیا پر جاری کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق ڈرافٹ میں شامل کسی بھی مطالبے کو غیرآئینی یا غیرقانونی قرار نہیں دیا جاسکتا۔

ڈرافٹ کے مطابق وزیراعظم سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں قائدینِ حزب اختلاف سے ملاقات کا اہتمام کریں۔ فریقین کے درمیان مشاورت اور مذاکرات کے ذریعے دو ماہ کے اندر مؤثر اور قابلِ عمل پیشرفت یقینی بنانے کی تجویز بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ حکومتی کمیٹی کو قومی و سیاسی معاملات، باہمی اختلافات اور دیگر امور پر اپوزیشن سے مذاکرات جاری رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

7 نکاتی ڈرافٹ میں جیل مینول، آئین اور قوانین کے مطابق زیرِ حراست افراد کے حقوق یقینی بنانے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو ڈاکٹرز کی رائے اور ہدایات کے مطابق علاج کی سہولت فراہم کرنے جبکہ قیدیوں سے ملاقاتیں قانون اور جیل قواعد و ضوابط کے مطابق کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔

ڈرافٹ میں کہا گیا ہے کہ ملاقاتوں کو کسی بھی فریق کی جانب سے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔ تمام زیرِ حراست رہنماؤں کی درخواستوں پر آئین کے مطابق 10 روز کے اندر غور کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔

خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے، عوام کے تحفظ اور قیامِ امن کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر اور بامعنی مشاورت یقینی بنانے کو بھی ڈرافٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

More News