وزیراعلیٰ مریم نواز چین روانہ، شِن جِیانگ میں اعلیٰ سطح ملاقاتوں کا شیڈول طے
لاہور: چین کے قونصل جنرل سن یان ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو چین روانگی کے موقع پر الوداع کرنے کے لیے موجود تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف چین کے سرکاری مہمان کی حیثیت سے شِن جِیانگ کا دورہ کریں گی، جہاں ارومچی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر چین کے اعلیٰ حکام ان کا استقبال کریں گے۔ مریم نواز شریف شِن جِیانگ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کے کانفرنس سینٹر، کُنلُن ہال میں اپنی مصروفیات کا آغاز کریں گی۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبہ شِن جِیانگ کے پارٹی سیکرٹری چِن شیاوجیانگ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد ملاقات کرے گا۔ اس کے علاوہ ڈپٹی پارٹی سیکرٹری شِن جِیانگ اویغور خودمختار علاقائی کمیٹی ہی ژونگ یو بھی مریم نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔
مریم نواز شریف کی شِن جِیانگ پروڈکشن اینڈ کنسٹرکشن کور (XPCC) کے وفد سے بھی اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں باہمی تعاون اور مختلف شعبوں میں ممکنہ شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب اور پنجاب کے وفد کے اعزاز میں ڈپٹی پارٹی سیکرٹری شِن جِیانگ اویغور خودمختار علاقائی کمیٹی اور پارٹی سیکرٹری و پولیٹیکل کمشنر ہی ژونگ یو کی جانب سے عشائیہ بھی دیا جائے گا۔
مریم نواز شریف دورہ چین کے دوران شِن جِیانگ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں سرکاری مہمان کی حیثیت سے قیام کریں گی۔





