وزیر داخلہ کا نادرا میگا سینٹر میں پاسپورٹ آفس کی سہولت مہیا کرنے کا اعلان

نادرا میگا سنٹر میں جلد پاسپورٹ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بہت جلد نادرا میگا سنٹر میں پاسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کردی جائے گی، جس سے شہریوں کو اہم دستاویزات کے حصول کے لیے مزید آسانی ہوگی۔

نادرا میگا سنٹر کے دورے کے دوران محسن نقوی نے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان سے شناختی کارڈ بنوانے کے عمل اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

شہریوں نے نادرا میگا سنٹر میں فراہم کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں جلد باری آجاتی ہے اور زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑتا۔

وزیر داخلہ نے مختلف کاؤنٹرز کا دورہ کیا، عملے سے ملاقات کی اور انفارمیشن ڈیسک کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سنٹر آنے والے شہریوں کی ہر ممکن رہنمائی کی جائے اور انہیں تمام ضروری معلومات فراہم کی جائیں۔

محسن نقوی نے بعض شہریوں کی شکایات کا موقع پر ہی نوٹس لیتے ہوئے ان کے فوری ازالے کے لیے احکامات بھی جاری کیے۔

انہوں نے کہا کہ نادرا میگا سنٹر میں رش کے باوجود عملہ صورتحال کو اچھے طریقے سے مینج کررہا ہے۔ وزیر داخلہ نے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ایک ہی کام کے لیے بار بار نادرا سنٹر آنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔

More News