اتحادیوں سے شکوہ، ٹرمپ نے جاپان اور جنوبی کوریا سمیت دیگر ممالک سے مدد مانگ لی
بھی مدویب ڈیسک
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر اپنے مؤقف میں نرمی لاتے ہوئے عالمی تعاون پر زور دیا ہے اور جاپان، جنوبی کوریا اور چین سے اس اہم آبی گزرگاہ کو محفوظ اور کھلا رکھنے کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف کارروائیوں کے دوران اب تک ہزاروں اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جن میں زیادہ تر فوجی اور تجارتی تنصیبات شامل تھیں، اور ان اقدامات سے ایران کی عسکری صلاحیت کو نمایاں نقصان پہنچا ہے۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکہ کا انحصار آبنائے ہرمز پر نہ ہونے کے برابر ہے، جبکہ دیگر ممالک اس راستے پر زیادہ انحصار کرتے ہیں، اسی لیے انہیں چاہیے کہ وہ خود بھی اس آبی گزرگاہ کے تحفظ میں حصہ ڈالیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی افواج نے ایران کی ممکنہ بارودی سرنگیں بچھانے کی صلاحیت کو ختم کر دیا ہے اور ایسے جہازوں کو بھی تباہ کیا گیا ہے، تاہم اب تک اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ آبنائے ہرمز میں واقعی سرنگیں بچھائی گئی تھیں۔
امریکی صدر نے اتحادی ممالک پر عدم تعاون کا شکوہ کرتے ہوئے زور دیا کہ جو ممالک اس گزرگاہ سے فائدہ اٹھاتے ہیں، وہ اس کے دفاع اور بحری آمدورفت کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کریں۔








