پاسکو کے ذریعے گندم فراہمی کی منظوری خوش آئند،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

پاسکو کے ذریعے گندم فراہمی کی منظوری خوش آئند، خیبرپختونخوا کی مکمل ضروریات بھی پوری کی جائیں: گورنر فیصل کریم کنڈی

پشاور:عارف اکرام

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے پاسکو کے ذریعے خیبرپختونخوا کو گندم کی فراہمی کے احکامات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام صوبے کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو سالانہ تقریباً 36 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ وزیراعظم نے پاسکو کے ذریعے دو لاکھ میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کی منظوری دی ہے، جس پر وہ وفاقی حکومت کے شکر گزار ہیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگرچہ پاسکو کے ذریعے گندم کی فراہمی ایک مثبت قدم ہے، تاہم صوبے کی مجموعی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید گندم کی دستیابی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو مناسب قیمت پر آٹا اور گندم فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جانے چاہئیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سے خیبرپختونخوا کو گندم اور آٹے کی آزادانہ ترسیل تاحال رکی ہوئی ہے۔ ان کے مطابق پنجاب سے ملحق نو چیک پوسٹوں پر خیبرپختونخوا کے لیے گندم اور آٹے کی ترسیل میں رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں، جس سے صوبے میں غذائی اجناس کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان کے آئین اور نئی گندم پالیسی کے تحت صوبوں کے درمیان گندم اور آٹے کی بلا رکاوٹ نقل و حمل ہر صوبے کا آئینی اور قانونی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی پابندی یا رکاوٹ نہ صرف عوامی مفاد کے خلاف ہے بلکہ اس سے صوبوں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر چیک پوسٹوں کی موجودہ صورتحال کا نوٹس لیں اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کریں تاکہ گندم اور آٹے کی ترسیل میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاسکو کے علاوہ بھی خیبرپختونخوا کی ضروریات کے مطابق گندم اور آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو سستے آٹے اور گندم کے حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ عوامی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے گندم کی بروقت اور وافر فراہمی کے لیے مشترکہ اقدامات کریں تاکہ صوبے میں غذائی استحکام برقرار رہے اور عوام کو ریلیف مل سکے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے امید ظاہر کی کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت اس مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات کریں گی اور خیبرپختونخوا کی گندم و آٹے کی ضروریات کو پورا کرنے میں بھرپور تعاون فراہم کریں گی تاکہ صوبے کے عوام کو کسی قسم کی قلت یا مہنگائی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

More News

Crime

خیبرپختونخوا پولیس کا مائننگ ایکسپلوسیو کے دہشتگردی میں استعمال کو روکنے کیلئے حکمت عملی بنانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا پولیس کا مائننگ بارودی مواد کے دہشتگردی میں استعمال کی روک تھام کے لیے نئی حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ پشاور:سید عدنان خیبرپختونخوا

Read More »