پاکستان اور روس کا منظم جرائم، منشیات اور سائبر کرائم کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور روس نے منظم جرائم، منشیات کی اسمگلنگ اور سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے معلومات کے تبادلے، پولیس تربیت اور مشترکہ مفادات کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف نے وزارت داخلہ میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران منظم جرائم کی روک تھام اور معلومات کے تبادلے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس اور روس کے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے ورکنگ گروپس جلد ایک دوسرے کے ممالک کا دورہ کریں گے۔
ملاقات میں پاکستان سے روس ہنرمند افرادی قوت بھیجنے، سیاحوں اور کاروباری افراد کے لیے ویزا حصول آسان بنانے اور سائبر کرائم کے خلاف اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ پاکستان کی نیشنل پولیس اکیڈمی اور روسی پولیس اکیڈمی کے درمیان تعاون بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ منظم جرائم کی روک تھام سے متعلق معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ویزا نظام میں آسانی سے عوامی روابط بڑھیں گے، جبکہ پاکستان سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے روس کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔
روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف نے کہا کہ روس نے مؤثر اقدامات کے ذریعے سائبر کرائم میں کمی لائی ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔








