پاکستان اور کینیڈا میں معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق، دوطرفہ تعلقات میں نئی پیش رفت

پاکستان اور کینیڈا میں معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق، دوطرفہ تعلقات میں نئی پیش رفت

اسلام آباد: نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند اپنے پہلے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئیں، جہاں دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، تعلیم اور صنعتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

دفترِ خارجہ آمد پر اسحاق ڈار نے انیتا آنند کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام سے متعارف کرایا۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان فعال سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے اور کینیڈا کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا ایک اہم سرمایہ ہے، جو معاشی اور سماجی روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

اس موقع پر کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند نے پاکستان کی میزبانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، زراعت، صنعت، تعلیم اور دیگر اقتصادی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے اقتصادی سفارت کاری، سرمایہ کاری کے فروغ، تعلیمی روابط، عوامی سطح پر تعلقات اور باہمی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مسلسل سفارتی رابطے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

ذرائع کے مطابق انیتا آنند اپنے دورۂ پاکستان کے دوران اعلیٰ سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گی، جن میں علاقائی امن، عالمی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر گفتگو ہوگی۔

ماہرین کے مطابق کینیڈین وزیرِ خارجہ کا یہ دورہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اس سے مستقبل میں تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے نئے مواقع بھی پیدا ہونے کی توقع ہے۔

More News