پاکستان نے آئی ایم ایف کی چار میں سے تین اہم مالیاتی شرائط پوری کرلیں، صوبے ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکام
پاکستان نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی چار میں سے تین اہم مالیاتی شرائط پوری کرلی ہیں، تاہم چاروں صوبے ٹیکس وصولیوں کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
وزارت خزانہ کے اعدادوشمار کے مطابق چاروں صوبوں نے پہلی سہ ماہی میں مجموعی طور پر 57 ارب 50 کروڑ روپے نقد گرانٹ فراہم کی، جبکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان طے شدہ معاہدے کے تحت رواں مالی سال میں صوبوں کو مجموعی طور پر 1035 ارب روپے فراہم کرنا ہیں۔ اس طرح وفاقی حکومت کو سالانہ ہدف کا صرف 6 فیصد موصول ہوسکا۔
صوبوں میں پنجاب نے سب سے زیادہ 32 ارب 50 کروڑ روپے فراہم کیے، سندھ کا حصہ 8 ارب 50 کروڑ، خیبرپختونخوا کا 12 ارب 70 کروڑ اور بلوچستان کا 3 ارب 70 کروڑ روپے رہا۔
مالیاتی رپورٹ کے مطابق چاروں صوبے ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل نہ کرسکے، تاہم 599 ارب روپے کا نقد سرپلس پیدا کرکے مقررہ ہدف سے 83 ارب روپے زیادہ رقم جمع کی۔ دوسری جانب صوبائی ٹیکس وصولیاں 301 ارب روپے رہیں، جو ہدف سے 88 ارب روپے کم تھیں۔
وفاقی حکومت نے پہلی سہ ماہی میں پرائمری بجٹ سرپلس کا مقررہ ہدف بھی عبور کرلیا، جبکہ ایف بی آر نے 3 ہزار 89 ارب روپے ٹیکس جمع کرکے 3 ہزار 30 ارب روپے کا ہدف حاصل کیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس آئندہ ماہ متوقع ہے، جس میں پاکستان کے لیے تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی قرض اقساط کی منظوری دی جاسکتی ہے۔








