پشاور ہائیکورٹ کا کے پی ادویات اسکینڈل کے ملزم کو ضبط شدہ گاڑی واپس کرنے کا حکم

پشاور ہائیکورٹ کا کے پی ادویات اسکینڈل کے ملزم کو ضبط شدہ گاڑی واپس کرنے کا حکم

پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے خیبر پختونخوا ادویات اسکینڈل کے ملزم محمد اسلام کی ضبط شدہ گاڑی کی سپرداری منظور کرتے ہوئے نیب کو گاڑی واپس کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

کیس کی سماعت جسٹس ارشد علی اور جسٹس کامران حیات میاں خیل پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ ملزم محمد اسلام پیشے کے اعتبار سے کارڈیک ٹیکنیشن ہے، جسے نیب نے ادویات اسکینڈل میں حراست میں لیا تھا۔

سماعت کے دوران ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نیب کی جانب سے ضبط کی گئی گاڑی مبینہ ادویات اسکینڈل سامنے آنے سے پانچ ماہ قبل خریدی گئی تھی۔ گاڑی کی خریداری کے لیے ملزم نے اپنے ذاتی وسائل استعمال کیے تھے اور اس کا اسکینڈل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ گاڑی ذاتی ملکیت ہے، اس لیے اسے ملزم کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سپرداری کی درخواست منظور کرلی اور نیب کو ضبط شدہ گاڑی ملزم کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

More News