پولیس اہلکاروں کے لیے سیکیورٹی چیلنج الاؤنس میں اضافے کی تیاری، گورنر خیبرپختونخوا کی ہدایت

پولیس اہلکاروں کے سیکیورٹی چیلنج الاؤنس میں اضافے کی تیاری، گورنر کی ہدایت

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں اور سیکیورٹی چیلنج الاؤنس میں اضافے کے لیے مجوزہ پیکج کی تیاری تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ انہوں نے بالخصوص دہشت گردی اور سیکیورٹی چیلنجز سے متاثرہ حساس علاقوں میں تعینات اہلکاروں کو مجوزہ پیکج میں ترجیح دینے پر زور دیا ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پولیس کے سیکیورٹی چیلنج الاؤنس سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر خزانہ طارق محمود پاشا، آئی جی پولیس ذوالفقار حمید، سیکرٹری خزانہ ایاز خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں گورنر کو پولیس اہلکاروں کے لیے مجوزہ پیکج میں اضافے کی مختلف تجاویز اور اس پر آنے والے سالانہ مالی اخراجات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر صوبوں کی پولیس کی تنخواہوں کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا۔

گورنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے مجوزہ پیکج کی تیاری جلد مکمل کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے سنگین خطرات کا سامنا کرنے والے علاقوں میں فرائض انجام دینے والے پولیس اہلکار خصوصی توجہ کے مستحق ہیں اور انہیں ترجیح دی جانی چاہیے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پولیس فورس کو درپیش مسائل کے حل اور اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں۔

اجلاس میں پولیس شہداء کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود اور انہیں ضروری سہولیات کی فراہمی مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ گورنر نے متعلقہ حکام کو پولیس شہداء کے بچوں کے لیے کیڈٹ کالج کے قیام سے متعلق پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

واضح رہے کہ پولیس اہلکاروں کے لیے مجوزہ پیکج کی حتمی منظوری اور اس پر عمل درآمد سے متعلق تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں۔

More News

Breaking

خیبرپختونخوا بیوروکریسی میں بڑی اکھاڑ پچھاڑ، تین اعلیٰ افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے احکامات جاری

خیبرپختونخوا بیوروکریسی میں اہم ردوبدل، تین اعلیٰ افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے احکامات جاری پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبائی بیوروکریسی میں اہم انتظامی تبدیلیاں

Read More »