پیٹرول ایک روپے 70 پیسے سستا، ڈیزل کی قیمت میں اضافہ
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن نے 12 اگست 2026 سے لاگو ہونے والی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 70 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 325 روپے 92 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
دوسری جانب ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 382 روپے 25 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 27 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 289 روپے 68 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں بھی 2 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی 76 روپے 28 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ پیٹرول پر لیوی 80 روپے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل پر لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
نئی قیمتوں کے اطلاق کے بعد پیٹرول صارفین کو معمولی ریلیف ملے گا، تاہم ڈیزل مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں کے اخراجات پر اثر پڑنے کا امکان ہے۔





