چودہ ہزار ایک ایڈہاک اساتذہ کی مستقلی کے لیے گورنر خیبرپختونخوا کو خط ارسال
خیبرپختونخوا کے 14 ہزار ایک ایڈہاک اساتذہ کی مستقلی کا معاملہ ایک بار پھر زیرِ بحث آگیا، ایڈہاک ٹیچرز موومنٹ نے اساتذہ کی مستقلی کے لیے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو باقاعدہ خط ارسال کرتے ہوئے فوری اقدامات کی اپیل کردی۔
خط میں اساتذہ کی جانب سے مستقلی کے مطالبے کے حق میں قانونی اور سرکاری دستاویزات بھی منسلک کی گئی ہیں۔ ایڈہاک ٹیچرز موومنٹ کے مطابق صوبائی کابینہ کے 56ویں اجلاس میں 14 ہزار ایک اساتذہ کو مستقل کرنے کی منظوری دی گئی تھی، تاہم اس فیصلے پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوسکا۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ گورنر راج کے باعث مستقلی سے متعلق بل صوبائی اسمبلی میں پیش نہیں ہوسکا، جس کی وجہ سے ہزاروں اساتذہ کا مستقبل غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔
ایڈہاک ٹیچرز موومنٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ مجلسِ شوریٰ سے مستقلی کا ترمیمی بل جلد منظور کرایا جائے تاکہ اساتذہ کو مستقل ملازمت کا حق مل سکے اور اس معاملے میں مزید تاخیر نہ ہو۔
موومنٹ نے گورنر خیبرپختونخوا سے اپیل کی ہے کہ 14 ہزار ایک اساتذہ کی مستقلی کے لیے فوری کردار ادا کیا جائے۔ اساتذہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کا مطالبہ منظور نہ کیا گیا تو وہ احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوسکتے ہیں۔








