چینی الیکٹرک گاڑی نے 503 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے عالمی ریکارڈ قائم کردیا
چین کی معروف آٹو موبائل کمپنی بی وائی ڈی کی لگژری الیکٹرک ہائپرکار ’یانگ وانگ یو 9 ایکسٹریم‘ نے 503.17 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرکے دنیا کی تیز ترین پروڈکشن کار ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
یہ ریکارڈ یکم نومبر 2026 کو متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں قائم کیا گیا، جہاں گاڑی نے اپنی غیر معمولی رفتار کے ذریعے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بنائی۔
ریکارڈ ساز ڈرائیو کے دوران گاڑی چلانے کے فرائض معروف ریسنگ ڈرائیور مارک باسنگ نے انجام دیے۔ اس کامیابی کے ساتھ یانگ وانگ یو 9 ایکسٹریم نہ صرف دنیا کی تیز ترین الیکٹرک گاڑی بلکہ مجموعی طور پر تیز ترین پروڈکشن کار بن گئی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب اس گاڑی نے رفتار کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہو۔ اس سے قبل ستمبر 2025 میں بھی گاڑی نے 496.22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی تھی، تاہم تازہ ریکارڈ نے اس کی سابقہ کارکردگی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
اس ریکارڈ کی ایک اور خاص بات گاڑی میں استعمال ہونے والے گیٹی ٹائرز ہیں، جنہوں نے بھی دنیا کے تیز ترین الیکٹرک اور روڈ کار ٹائرز کا اعزاز حاصل کیا۔
الیکٹرک گاڑی کی جانب سے رفتار کا یہ نیا سنگ میل عالمی آٹو موبائل انڈسٹری میں برقی گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تکنیکی صلاحیتوں کو نمایاں کرتا ہے۔








