ڈیرہ مراد جمالی: کھلے گٹر میں گرنے سے ایک ہی خاندان کی دو بچیاں جاں بحق
جعفرآباد: ڈیرہ مراد جمالی میں افسوسناک حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کی دو کمسن بچیاں کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ ایریگیشن کالونی میں پیش آیا، جہاں پانچ سالہ اور تین سالہ بچیاں گھر کے باہر کھیل رہی تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں بچیاں کھیل کے دوران گھر کے قریب موجود کھلے گٹر میں جا گریں۔ حادثے کے بعد اہلِ خانہ اور مقامی افراد نے بچیوں کو گٹر سے نکالنے کی کوشش کی، تاہم دونوں جانبر نہ ہوسکیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی شروع کردی۔ کمسن بچیوں کی اچانک موت پر علاقے میں افسوس کی فضا پھیل گئی، جبکہ اہلِ خانہ غم سے نڈھال ہیں۔
مقامی سطح پر کھلے گٹروں اور نالوں کی مناسب بندش نہ ہونے کے باعث بچوں کی حفاظت سے متعلق خدشات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ رہائشی علاقوں میں کھلے گٹروں کو فوری طور پر ڈھانپا جائے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔








