ڈی ایچ کیو ہسپتال دیر کا اچانک معائنہ، 19 ڈاکٹرز سمیت 32 اہلکار غیر حاضر، نجی کلینکس سیل
دیر بالا: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر صادق علی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال دیر کا اچانک دورہ کیا، جہاں 19 ڈاکٹرز سمیت مجموعی طور پر 32 ڈاکٹرز اور دیگر عملہ ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (ریونیو)، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر (DMO)، آئی ایم یو ہیلتھ دیر بالا اور انسپکٹر ہیلتھ کیئر کمیشن دیر بالا کے ہمراہ ہسپتال کا معائنہ کیا۔
معائنے کے دوران ڈیوٹی روسٹر کے مطابق تعینات ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف اپنی مقررہ جائے تعیناتی سے غیر حاضر پائے گئے۔ کارروائی کے دوران بعض غیر حاضر ڈاکٹرز کو نجی کلینکس میں مریضوں کا معائنہ کرتے ہوئے بھی پایا گیا، جنہیں موقع پر سیل کر دیا گیا۔
انتظامیہ کی جانب سے غیر حاضر افسران اور اہلکاروں کے خلاف خیبرپختونخوا کے متعلقہ ای اینڈ ڈی رولز 2011 کے تحت محکمانہ کارروائی عمل میں لانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
اس کارروائی کا مقصد سرکاری ہسپتالوں میں عملے کی حاضری یقینی بنانا، مریضوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کرنا اور سرکاری ڈیوٹی میں غفلت کے خلاف اقدامات کرنا ہے۔








