کان کنی میں استعمال ہونے والے دھماکہ خیز مواد کی نگرانی کے لیے سات رکنی کمیٹی قائم
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے کان کنی میں استعمال ہونے والے دھماکہ خیز مواد کی نگرانی، کنٹرول اور ضابطہ بندی کے لیے سات رکنی صوبائی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کا باضابطہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق صوبائی ایکسپلوسوز کوآرڈینیشن، مانیٹرنگ اینڈ اوورسائٹ کمیٹی کی سربراہی اسپیشل سیکریٹری محکمہ زراعت کریں گے، جبکہ محکمہ داخلہ، محکمہ صنعت اور صوبائی سیکیورٹی سیکریٹریٹ کے نمائندے بھی اس کا حصہ ہوں گے۔
کمیٹی میں ایڈیشنل سیکریٹری ایف ایس سی محکمہ داخلہ، ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ صنعت، ڈائریکٹر صوبائی سیکیورٹی سیکریٹریٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی محکمہ داخلہ شامل ہیں۔ صوبائی سیکیورٹی سیکریٹریٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو کمیٹی کا رکن اور سیکریٹری بھی مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی صوبے بھر میں دھماکہ خیز مواد سے متعلق امور کی نگرانی کرے گی اور اس کے استعمال کے حوالے سے متعلقہ قوانین اور ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنائے گی۔
کمیٹی کی ذمہ داریوں میں صوبائی محکموں، ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری قائم کرنا بھی شامل ہے، تاکہ دھماکہ خیز مواد سے متعلق معاملات کو مربوط انداز میں مانیٹر کیا جا سکے۔
حکومت کے اس اقدام کا مقصد کان کنی کے شعبے میں استعمال ہونے والے دھماکہ خیز مواد کے معاملات کو ضابطے میں لانا اور متعلقہ اداروں کے درمیان نگرانی و رابطہ کاری کے نظام کو مؤثر بنانا ہے۔








