کراچی میں مختلف پولیس مقابلے، 4 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
کراچی: ضلع کورنگی اور ضلع ساؤتھ میں مختلف مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 4 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، پرس، چوری شدہ موٹر سائیکل اور گاڑی برآمد ہوئی۔
زمان ٹاؤن کے علاقے اٹک پیٹرول پمپ کے قریب مقابلے میں محمد عمران اور محمد زاہد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ ملزمان سے 2 پستول، گولیاں، چوری شدہ موٹر سائیکل، موبائل فون اور 2 پرس برآمد ہوئے۔
لانڈھی میں عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب پولیس مقابلے کے دوران عاطف نامی ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جس سے پستول اور گولیاں برآمد کی گئیں۔
دوسری جانب ساحل تھانے کی حدود خیابانِ غالب میں پولیس نے مشتبہ گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ میں ریاض نامی ملزم شدید زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا، جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہوگئے۔ پولیس نے ملزم سے گاڑی اور پستول برآمد کیا۔
چاروں زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔







