کرکٹ ٹیموں کی آمدورفت، اسلام آباد کے شہریوں کے لیے نئی ٹریفک ایڈوائزری جاری

کرکٹ ٹیموں کی آمدورفت، اسلام آباد کے شہریوں کے لیے نئی ٹریفک ایڈوائزری جاری

اسلام آباد میں کرکٹ ٹیموں کی آمدورفت کے پیش نظر اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے نئی ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔ 10 نومبر کو شہر کی مختلف اہم سڑکوں، ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر مختلف مقامات پر ٹریفک ڈائیورشنز لگائی جائیں گی، جس کے باعث شہریوں کو دوران سفر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سری نگر ہائی وے پر ٹریفک کی متبادل روانی کے لیے سہروردی روڈ، جی ایٹ اور جی نائن کی سروس روڈز اور زیرو پوائنٹ استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی منزل اور ٹریفک کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔

ایڈوائزری کے مطابق فیض آباد جانے والی ٹریفک کو فیصل ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ نائنتھ ایونیو جانے والے شہری سروس روڈ ایسٹ کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں۔

اسی طرح کورال سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پرانا ایئرپورٹ، راول روڈ، راولپنڈی مری روڈ اور آئی جے پی روڈ سے فقیر ایپی روڈ کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچیں۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق کورال، ایکسپریس ہائی وے، مری روڈ اور کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں شہری لہتراڑ روڈ اور پارک روڈ کو متبادل راستوں کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔

نیو ایئرپورٹ اور پشاور روڈ جانے والے شہریوں کے لیے جناح ایونیو اور مارگلہ روڈ متبادل راستے ہوں گے، جبکہ بہارہ کہو سے اسلام آباد آنے والے افراد بنی گالا اور پارک روڈ کے ذریعے شہر میں داخل ہوسکیں گے۔

چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کرکٹ ٹیموں کی نقل و حرکت کے باعث مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ سکتا ہے، اس لیے شہری اپنے سفر کی منصوبہ بندی پہلے سے کریں اور گھر سے نکلتے وقت 20 سے 25 منٹ اضافی رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران مختلف اہم مقامات پر تعینات ہوں گے اور شہریوں کی رہنمائی کے لیے موجود رہیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں اور متبادل راستوں کو ترجیح دیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق شہری ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال اور رہنمائی کے لیے ایف ایم 92.4 سن سکتے ہیں یا اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

More News