گرمی سے ستائے عوام کیلئے خوشخبری، ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

گرمی سے ستائے عوام کیلئے خوشخبری، ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

پشاور: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحیرۂ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں اور مغربی ہواؤں کا سلسلہ بالائی و وسطی علاقوں پر اثر انداز ہو رہا ہے، جس کے باعث موسم میں بہتری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ اور دیگر علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا میں دیر، چترال، سوات، کالام، مالم جبہ، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پاراچنار، بنیر، پشاور، کرم، کوہاٹ اور وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس زدہ رہے گا۔

سندھ میں تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، سکھر، جیکب آباد، کراچی اور ساحلی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ آندھی اور گرج چمک کے ہمراہ بارش کی توقع ہے، جبکہ وسطی اور بالائی سندھ میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے خضدار، ژوب اور ملحقہ علاقوں میں بھی چند مقامات پر بارش متوقع ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آندھی اور گرج چمک کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال سے متعلق تازہ ترین اطلاعات پر نظر رکھیں۔

More News