ہنگو: پولیس، پاک فوج اور ایف سی کا سرکی پیالہ کا دورہ، مشران کا امن کے لیے مکمل تعاون کا اعلان
ہنگو پولیس، پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے افسران نے سرکی پیالہ کا دورہ کیا، جہاں علاقہ مشران سے ملاقات کے دوران امن و امان کی صورتحال اور علاقے میں استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر علاقہ مشران نے امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کا عزم ظاہر کیا۔
ڈی پی او ہنگو صلاح الدین کنڈی کے ہمراہ لیفٹیننٹ کرنل لخکر خان اور لیفٹیننٹ کرنل صفدر خان نے پولیس، پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے جوانوں کے ساتھ علاقے کا دورہ کیا۔ ملاقات میں معزز علاقہ مشران اور عمائدین کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جس کے باعث نشست ایک بڑے عوامی اجتماع کی شکل اختیار کر گئی۔
اس موقع پر علاقہ مشران نے کہا کہ سرکی پیالہ اور چمبہ گل میں ایک ہی قوم آباد ہے اور علاقے کے عوام انتشار، بدامنی اور شرپسندانہ سرگرمیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر کے مذموم عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے اور امن برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
ڈی پی او ہنگو صلاح الدین کنڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور علاقے میں امن و امان کا قیام پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے پائیدار امن کے لیے عوام اور علاقہ مشران کے تعاون کو اہم قرار دیا۔
لیفٹیننٹ کرنل صفدر خان نے کہا کہ امن کا قیام صرف سیکیورٹی فورسز نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ عوام کا اتحاد اور تعاون امن دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے علاقے میں پائیدار امن اور عوام کے تحفظ کے لیے پاک فوج، پولیس اور فرنٹیئر کور کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے اختتام پر ضلع ہنگو سمیت ملک بھر میں امن و امان، سلامتی، استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔








