یومِ اقبال: علامہ اقبال کے افکار نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں، گورنر فیصل کریم کنڈی

یومِ اقبال: علامہ اقبال کے افکار نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں، گورنر فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یومِ اقبال کے موقع پر شاعرِ مشرق اور مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی، خودی اور خودداری کا جذبہ بیدار کیا۔ ان کا تصورِ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے قیام کی فکری بنیاد بنا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے 9 نومبر یومِ اقبال کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ فکرِ اقبال آج بھی نوجوان نسل کے لیے خود اعتمادی، بلند حوصلے، علم اور مسلسل جدوجہد کا درس دیتی ہے۔ علامہ اقبال کا فلسفۂ خودی انسان کو اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے، خود پر اعتماد کرنے اور اپنی منزل کے حصول کے لیے محنت و جدوجہد کا پیغام دیتا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ علامہ اقبال کے افکار آج بھی قومی رہنمائی اور فکری بیداری کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ نوجوان نسل کو اقبال کے فلسفۂ خودی، افکار اور پیغامِ عمل سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نئی نسل اپنی قومی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا پیغام محض شاعری تک محدود نہیں بلکہ اس میں انفرادی اور اجتماعی زندگی کے لیے رہنمائی موجود ہے۔ اتحاد، خودداری، قومی یکجہتی اور اجتماعی جدوجہد اقبال کے پیغام کی بنیادی روح ہیں، جن پر عمل کرکے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ یومِ اقبال ہمیں قیامِ پاکستان کے مقاصد، نظریۂ پاکستان اور اپنی قومی ذمہ داریوں کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم علامہ اقبال کے افکار کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں گے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ایک مضبوط، خودمختار اور ترقی یافتہ پاکستان کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ علم، محنت، خود اعتمادی اور بلند نظری کو اپنا شعار بنائیں اور ملک کے روشن مستقبل کے لیے اجتماعی جدوجہد کریں۔

 

More News