فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ، دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ، دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال، جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامات اور تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 23 اکتوبر کو ہونے والے دورے کے موقع پر فیلڈ مارشل کا استقبال کمانڈر پشاور کور نے کیا۔ بریفنگ کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں مسلسل چوکنا رہنے اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی اور جہاں بھی یہ عناصر موجود ہوں گے، انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔

فیلڈ مارشل نے شہدا اور غازیوں سمیت پاکستانی عوام اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے نظریے کو مکمل شکست دے گا۔

More News