20 سے 24 جولائی تک دریائے چناب، جہلم، راوی اور ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کا الرٹ جاری
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 20 سے 24 جولائی کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر دریائے چناب، جہلم، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور دیگر محکموں کو ہائی الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر نچلے سے اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے، جبکہ دریائے راوی کے علاوہ بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مسلسل بارشوں کے باعث پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
اتھارٹی نے ڈیرہ غازی خان کے رود کوہی علاقوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے، جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
پی ڈی ایم اے نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، واسا، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے، مشینری اور امدادی سامان تیار رکھنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے کہا ہے کہ دریا کنارے اور نشیبی علاقوں میں آباد افراد کے بروقت انخلا کے انتظامات مکمل رکھے جائیں، فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک، پینے کے صاف پانی، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ موسمی صورتحال پر نظر رکھیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔







