باصلاحیت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم

باصلاحیت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے ہنرمند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اجرا نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی حکومتی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔

نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں پالیسی کے تحت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

پالیسی پر عمل درآمد کا ماہانہ جائزہ لینے کی ہدایت

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہر ماہ منعقد کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت اقدامات کے لیے بین الوزارتی تعاون اور جامع حکمت عملی ضروری ہے۔ انہوں نے نوجوانوں، بالخصوص خواتین کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے انہیں ہنرمند بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں پر خصوصی توجہ

وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت ملک بھر کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں، تاہم بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ہنرمند افرادی قوت کو اندرون اور بیرون ملک کاروباری و صنعتی شعبے کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے NAVTCC اور سمیڈا میں ادارہ جاتی اصلاحات کی گئی ہیں۔

نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے لیے تربیت دی جائے گی

اجلاس میں دی گئی بریفنگ کے مطابق نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن نوجوانوں کو بین الاقوامی سرٹیفیکیشن اور مطلوبہ زبانوں پر مہارت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیرون ملک روزگار کے خواہشمند نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کی طلب کے مطابق تربیت دی جا رہی ہے تاکہ انہیں بہتر مواقع حاصل ہوسکیں۔

ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے روزگار کی معلومات فراہم کرنے کا فیصلہ

حکومتی اقدامات کے تحت ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے نوجوانوں کو اندرون اور بیرون ملک دستیاب روزگار کے مواقع کی تفصیلات ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیراعظم نے نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی سے نوجوانوں کو حاصل ہونے والے فوائد کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔

تعلیمی اداروں میں یوتھ ڈویلپمنٹ سیلز قائم کیے جائیں گے

اجلاس میں بتایا گیا کہ تعلیمی اداروں میں یوتھ ڈویلپمنٹ سیلز قائم کیے جا رہے ہیں، جو نوجوانوں کو کیریئر کاؤنسلنگ اور رہنمائی فراہم کرنے کے ساتھ روزگار اور ہنرمندی کے مواقع سے بھی آگاہ کریں گے۔

بریفنگ کے دوران وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرپرسن رانا مشہود نے وزیراعظم کی ہدایت پر کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سمیت دیگر وفاقی وزرا اور متعلقہ سرکاری اداروں کے حکام نے شرکت کی۔

More News