امریکی پابندیوں کے باعث ایرانی ریال کی قدر میں ریکارڈ کمی
تہران: امریکی پابندیوں کے باعث ایرانی کرنسی ریال کی قدر میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں ایرانی ریال امریکی ڈالر کے مقابلے میں تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک امریکی ڈالر کی قیمت 20 لاکھ ایرانی ریال سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔ کرنسی کی قدر میں مسلسل کمی نے ایران میں مہنگائی کے دباؤ اور عوام کی قوتِ خرید کو مزید متاثر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی معیشت پہلے ہی پابندیوں، معاشی مشکلات اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث دباؤ کا شکار ہے، جبکہ ریال کی قدر میں تازہ گراوٹ سے روزمرہ استعمال کی اشیا مزید مہنگی ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنگ سے قبل 20 لاکھ ایرانی ریال میں تقریباً 4 کلو ٹماٹر، آدھا کلو مرغی اور ایک لیٹر سے کچھ کم کھانے کا تیل خریدا جاسکتا تھا۔ تاہم موجودہ صورتحال میں اسی رقم سے ان اشیا کی نصف مقدار خریدنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق کرنسی کی قدر میں مسلسل کمی درآمدی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے، جس سے عام شہریوں پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
ایرانی ریال کی گرتی ہوئی قدر نے ملک کی معاشی صورتحال اور امریکی پابندیوں کے اثرات کے حوالے سے ایک بار پھر عالمی سطح پر توجہ حاصل کرلی ہے۔







