لکی مروت: نورنگ میں سڑک بند، عوام اور تاجروں کو شدید مشکلات

لکی مروت: نورنگ میں سڑک بند، عوام اور تاجروں کو شدید مشکلات

لکی مروت: سرائے نورنگ میں نام نہاد اور خود ساختہ پولیس امن کمیٹی کی جانب سے سڑک کی بندش اور جاری احتجاج کے باعث شہریوں اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مسلسل روڈ بلاک ہونے سے عام شہریوں، مسافروں اور مقامی افراد کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے، جبکہ سرائے نورنگ بازار میں کاروباری سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ احتجاج اور سڑک کی بندش کے باعث کاروبار میں خلل پڑ رہا ہے اور خریداروں سمیت دکانداروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب سڑک بند ہونے سے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے۔

مقامی شہریوں نے صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری عوام کے جان و مال کا تحفظ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا ہے۔ ان کے مطابق سڑکوں کی بندش سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

شہریوں نے انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی مبینہ عدم موجودگی پر بھی سوالات اٹھائے ہیں اور صوبائی حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ احتجاج اور روڈ بلاک کے باعث روزمرہ معمولات متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے حکام کو فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لے کر سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کرنا چاہیے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ احتجاج کے مسئلے کا پرامن حل نکالا جائے اور عوام کو آمدورفت اور کاروباری سرگرمیوں میں درپیش مشکلات سے نجات دلائی جائے۔

More News