سوشل میڈیا پروپیگنڈے سے متاثرہ دنیا میں نوجوان بامعنی کردار ادا کریں: فیلڈ مارشل عاصم منیر
اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ پر مشتمل ایک وفد نے ملاقات کی، جس میں علاقائی و عالمی صورتحال، پاکستان کے سکیورٹی تناظر اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان سمیت خطے اور اس سے باہر امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ وفد میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نوجوانوں کے کردار اور مستقبل کی قیادت کے لیے تعلیم، ہنر کی ترقی اور کاروباری صلاحیتوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کو سمجھنے اور درست فیصلے کرنے کے لیے حقائق پر مبنی تجزیاتی صلاحیتوں کو فروغ دیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ موجودہ دور میں دنیا بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والے پروپیگنڈے اور غلط معلومات کے باعث حقائق اور رائے میں فرق کرنا مزید اہم ہوگیا ہے۔ ان کے مطابق نوجوانوں کو جذباتی اثرات سے بالاتر ہوکر معلومات کا تجزیہ کرنا چاہیے اور معاشرے میں اپنا بامعنی کردار ادا کرنا چاہیے۔
ملاقات کے دوران نوجوانوں کو تعلیم اور عملی مہارتوں کے ذریعے اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب بھی دی گئی۔
دوسری جانب ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ نے پاکستان کے دورے کے تجربات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی عوام کی مہمان نوازی، کشادہ دلی اور گرمجوشی کو سراہا۔ وفد کے ارکان نے پاکستان میں موجود وسیع امکانات اور مختلف شعبوں میں مواقع کو بھی اجاگر کیا۔
ملاقات کو نوجوانوں کے درمیان رابطوں، باہمی تبادلے اور پاکستان کے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی کے فروغ کے حوالے سے اہم قرار دیا گیا۔








