وزارتِ آئی ٹی اور میٹا کا پاکستانی ایس ایم ایز کے لیے اسمال بزنس گروتھ اکیڈمی کا آغاز

وزارتِ آئی ٹی اور میٹا کا پاکستانی ایس ایم ایز کے لیے اسمال بزنس گروتھ اکیڈمی کا آغاز

رجسٹریشن شروع، تربیتی سیشنز ستمبر 2026 سے ہوں گے، ایک ہزار سے زائد کاروباری اداروں کو مفت ڈیجیٹل تربیت دی جائے گی

وزارتِ آئی ٹی اور میٹا نے پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے اسمال بزنس گروتھ اکیڈمی کا مشترکہ طور پر آغاز کردیا ہے۔

وزارتِ آئی ٹی کے مطابق پروگرام کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع ہوچکا ہے جبکہ تربیتی سیشنز ستمبر 2026 سے شروع کیے جائیں گے۔ اس پروگرام کے تحت پاکستان بھر کے ایک ہزار سے زائد ایس ایم ایز کو مفت ڈیجیٹل تربیت فراہم کی جائے گی۔

پروگرام میں کاروباری افراد کو ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی جدید ٹولز کے استعمال کی تربیت دی جائے گی، تاکہ وہ اپنے کاروبار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے آن لائن مارکیٹ میں بہتر انداز میں متعارف کرا سکیں۔

وزارتِ آئی ٹی کے مطابق خواتین کے زیرِ انتظام کاروباری اداروں اور خواتین صنعت کاروں کو پروگرام میں خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

شرکا کو فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ بزنس جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے صارفین تک رسائی بڑھانے، اپنی مصنوعات اور خدمات کی تشہیر کرنے اور کاروبار کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر فروغ دینے کے حوالے سے بھی تربیت فراہم کی جائے گی۔

وزارتِ آئی ٹی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد پاکستانی ایس ایم ایز کی ڈیجیٹل صلاحیتوں میں اضافہ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا اور کاروباری اداروں کو ڈیجیٹل معیشت کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنانا ہے۔

وزارت کے مطابق اس پروگرام میں شرکت کے خواہشمند کاروباری افراد اسمال بزنس گروتھ اکیڈمی کے لیے آن لائن رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔

More News