میاں سید علی شاہ کی میت کی ریکوری کے لیے ریسکیو آپریشن، بریگیڈیئر عامر احمد کالام پہنچ گئے
سوات میں تقریباً 5 ہزار میٹر بلند فلک سر پہاڑ پر ڈیڑھ ماہ سے موجود کوہ پیما میاں سید علی شاہ کی میت کی ریکوری کے لیے ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
سوات: تحصیل خوازہ خیلہ سے تعلق رکھنے والے معروف کوہ پیما میاں سید علی شاہ کی میت کی ریکوری کے لیے دشوار گزار فلک سر پہاڑ پر باقاعدہ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ تقریباً 5 ہزار میٹر کی بلندی پر موجود میت تک رسائی اور اسے بحفاظت نیچے منتقل کرنا ریسکیو ٹیم کے لیے ایک بڑا چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق میاں سید علی شاہ کی میت کی موجودگی کی تصدیق پانچ نوجوانوں نے ڈرون کیمروں کے ذریعے کی۔ ڈرون سرچ کے نتیجے میں میت کی درست لوکیشن سامنے آنے کے بعد اسے پہاڑ سے نیچے لانے کے لیے ہیلی کاپٹر آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فلک سر کی چوٹی انتہائی دشوار گزار اور بلند مقام پر واقع ہونے کے باعث ریسکیو ٹیم کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بلند سطح، دشوار گزار راستوں اور موسمی حالات کے باعث آپریشن انتہائی احتیاط سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ اہل خانہ اور مقامی افراد نے امید ظاہر کی ہے کہ ریسکیو ٹیم جلد میت کو بحفاظت نیچے منتقل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔
ریسکیو آپریشن کی کمانڈ 6 بریگیڈ کے بریگیڈیئر عامر احمد کر رہے ہیں، جو آپریشن کی نگرانی کے لیے کالام پہنچ گئے ہیں۔ کالام آمد پر اے اے سی بحرین جنید اسماعیل، ڈی ایس پی سرکل مدین جانزیب خان، ایس ایچ او کالام اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ان کا استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق میت کی ریکوری کے لیے آئی جی ایف سی کی جانب سے ہیلی کاپٹر بھی فراہم کیا گیا ہے، جبکہ بریگیڈیئر عامر احمد آپریشن کی نگرانی اور کمانڈ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ایم این اے ڈاکٹر امجد علی خان نے بتایا کہ میاں سید علی شاہ کی جسدِ خاکی کو فلک سر کی چوٹی، جسے مقامی طور پر ’منی کے ٹو‘ بھی کہا جاتا ہے، سے ریکور کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر آپریشن کی خصوصی منظوری حاصل کی گئی ہے۔
ڈاکٹر امجد علی خان کے مطابق سید علی شاہ کی لوکیشن کی تصدیق ڈرون سرچ کے ذریعے ہونے کے بعد اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا گیا اور میت کو بلندی سے نیچے لانے کے لیے فوری طور پر خصوصی ریسکیو مشن کی منظوری حاصل کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کوہ پیما کے لواحقین اور سوات کے عوام کے مطالبے پر ریسکیو آپریشن کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے۔
صدر کالام ہوٹل ایسوسی ایشن ڈاکٹر ودود نے بھی آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہونے والوں کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔
میاں سید علی شاہ کی میت کی بحفاظت ریکوری اور ریسکیو آپریشن میں شریک اہلکاروں کی سلامتی کے لیے عوام سے خصوصی دعاؤں کی اپیل بھی کی گئی ہے۔








