سانحہ پمز: اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے بورڈ کے مزید 5 ارکان مستعفی
چیئرمین کے استعفے کے بعد مزید پانچ ارکان کے مستعفی ہونے سے 9 رکنی بورڈ میں صرف 2 ارکان باقی رہ گئے
اسلام آباد: سانحہ پمز کے بعد اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے بورڈ سے استعفوں کا سلسلہ جاری ہے، چیئرمین کے بعد مزید پانچ ارکان نے استعفے دے دیے ہیں۔
وفاقی وزارت قومی صحت نے پانچوں ارکان کے استعفے وصول کر لیے ہیں، جس کے بعد نو رکنی بورڈ میں اب صرف دو ارکان باقی رہ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مستعفی ہونے والوں میں پروفیسر نعیم ملک، مطیع الرحمان، ریٹائرڈ کرنل عارف، عاصمہ خلیل اور ممبر فنانس کاشف ظہور شامل ہیں۔ ممبر لاء پہلے ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔
تازہ استعفوں کے بعد نو رکنی بورڈ کے مجموعی طور پر چھ ارکان مستعفی ہوچکے ہیں۔ جبکہ باقی دو ارکان شہر سے باہر ہیں اور ان کے استعفے بھی متوقع ہیں۔
استعفوں کا یہ سلسلہ سانحہ پمز کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے باعث اسلام آباد میں صحت کے شعبے کی نگرانی اور ریگولیٹری نظام سے متعلق سوالات اٹھ رہے ہیں۔
وفاقی وزارت قومی صحت کی جانب سے بورڈ کی آئندہ تشکیل اور ادارے کے انتظامی معاملات کے حوالے سے مزید اقدامات کیے جانے کا امکان ہے۔






