وزیراعظم اپنا گھر پروگرام، 313 ارب روپے سے زائد کے قرضے منظور
وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت سستے گھروں کی تعمیر کے لیے 313 ارب روپے سے زائد کے قرضے منظور کرلیے گئے ہیں، جبکہ صرف گزشتہ دو ماہ کے دوران ہاؤسنگ فنانسنگ کی منظوریوں میں 117 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق جون 2026 سے اب تک 53 ہزار 100 سے زائد ہاؤسنگ درخواستیں منظور کی جاچکی ہیں، جن کے تحت منظور شدہ قرضوں کی مجموعی مالیت 313 ارب روپے سے تجاوز کرگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق منظور کیے گئے قرضوں میں سے 45 ارب روپے سے زائد کی رقم جاری بھی کی جاچکی ہے، جبکہ قرضوں کی تقسیم میں بھی تقریباً 120 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
پاکستان میں اس وقت تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ گھروں کی کمی کا سامنا ہے، جبکہ آبادی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے سالانہ تقریباً 4 لاکھ نئے گھروں کی ضرورت ہے۔
حکام کے مطابق اپنا گھر پروگرام کے تحت سستے قرضوں کی فراہمی سے نہ صرف کم اور متوسط آمدنی والے افراد کے لیے گھر کی تعمیر آسان ہوگی بلکہ تعمیراتی شعبے کو بھی فروغ ملے گا۔
ہاؤسنگ فنانسنگ میں اضافے سے سیمنٹ، اسٹیل اور دیگر تعمیراتی صنعتوں کی سرگرمیوں میں تیزی آنے کی توقع ہے، جبکہ تعمیراتی منصوبوں کے نتیجے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے اور مقامی و بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کو ملک میں ہاؤسنگ کی کمی پوری کرنے اور تعمیراتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اہم اقدام قرار دیا جارہا ہے۔








