شمالی وزیرستان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، 15 خوارج ہلاک
راولپنڈی: پاک فوج نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر 2026 کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے مقابل پاک افغان سرحد سے ایک دہشت گرد گروہ کی پاکستان میں دراندازی کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
36 گھنٹے تک جاری رہنے والی کارروائی کے دوران 15 خوارج کو ہلاک کردیا گیا، جبکہ بعد ازاں علاقے میں سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس واقعے نے ایک بار پھر افغان طالبان حکومت کی اس ناکامی کو بے نقاب کردیا ہے کہ وہ افغان سرزمین کو دہشت گرد تنظیموں کے استعمال سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔ افغان طالبان حکومت مؤثر سرحدی انتظام اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔
پاک فوج نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔ علاقے میں دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن “عزم استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی اور ملک سے بیرونی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔







