بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 36 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 36 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی کارروائیوں کے دوران 36 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں متعدد کارروائیاں کی گئیں، جن میں بھارتی پراکسیز، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔

مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 6 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے گولہ بارود کا ذخیرہ اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات بھی برآمد ہوئے، جنہیں موقع پر ہی تباہ کردیا گیا۔

ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں بھی انٹیلی جنس بنیادوں پر بڑا آپریشن کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور 26 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

قلات میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے پر کارروائی کرتے ہوئے 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جبکہ ضلع سبی کے علاقے بھاگ میں بھی کارروائی کے دوران مزید 2 دہشت گرد مارے گئے۔

سیکیورٹی فورسز کی ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 36 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جب کہ مختلف مقامات پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان بھر میں مجموعی طور پر 48 دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔ مزید برآں رواں سال بلوچستان میں مختلف انسداد دہشت گردی کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 1188 سے تجاوز کرگئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

More News