پی سی بی کا کھلاڑیوں اور سلیکشن کمیٹی سے پوچھ گچھ کا فیصلہ
ناقص سلیکشن پر نوٹس ملتے ہی مصباح الحق مستعفی ہوگئے، ذرائع
انگلینڈ کے دورے میں قومی کرکٹ ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان سے بھی پوچھ گچھ کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی اور سلیکشن میں مبینہ بے قاعدگیوں پر پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کے رکن اور سابق کپتان مصباح الحق کو نوٹس جاری کرکے وضاحت طلب کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق بعض کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے پر اصرار کررہے تھے، تاہم ان کھلاڑیوں کی جانب سے توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھانے پر بورڈ نے سلیکشن کے فیصلوں پر وضاحت طلب کی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کے نوٹس کے جواب میں مصباح الحق نے وضاحت دینے کے بجائے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا اور اپنا استعفیٰ بورڈ کو بھجوا دیا۔ وہ اس وقت نوٹس پیریڈ پر ہیں اور اس کی مدت مکمل ہونے کے بعد پی سی بی سے باضابطہ طور پر الگ ہوجائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ کی جانب سے ناقص سلیکشن اور ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے، جس کے دوران کھلاڑیوں اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان سے بھی سوالات کیے جائیں گے تاکہ دورہ انگلینڈ میں سامنے آنے والی خامیوں اور فیصلوں کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف مسلسل دو ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد پی سی بی نے ٹیسٹ اسکواڈ کے سات کھلاڑیوں کو ریلیز کردیا ہے، جبکہ ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
قومی ٹیم کی مسلسل ناکامیوں کے بعد پی سی بی کی جانب سے سلیکشن، کوچنگ اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جامع جائزہ لیے جانے کا امکان ہے۔








