دنیا کی بلند ترین عمارت بننے کی جانب جدہ ٹاور کا ایک اور اہم سنگ میل

دنیا کی بلند ترین عمارت بننے کی جانب جدہ ٹاور کا ایک اور اہم سنگ میل

سعودی عرب میں زیرِ تعمیر جدہ ٹاور نے تعمیر کے دوران ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے، جس کی تکمیل کے بعد اسے دنیا کی بلند ترین عمارت کا اعزاز حاصل ہونے کی توقع ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق جدہ ٹاور کو معروف امریکی آرکیٹیکچر فرم ایڈرین اسمتھ پلس گورڈن گل (AS+GG) نے ڈیزائن کیا ہے، جبکہ اس کی تعمیر سعودی بن لادن گروپ کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جدہ ٹاور کی تعمیر اب 113 منزلوں اور تقریباً 454 میٹر بلندی تک پہنچ چکی ہے۔ اس پیش رفت کے بعد ٹاور نے ملائیشیا کے مشہور پیٹروناس ٹاورز کو بلندی کے اعتبار سے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

پیٹروناس ٹاورز ایک وقت میں دنیا کی بلند ترین عمارتوں میں شمار ہوتے تھے، تاہم اب عالمی درجہ بندی میں ان کا مقام 20ویں نمبر پر بتایا جاتا ہے۔

جدہ ٹاور کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اس کی متوقع بلندی ایک ہزار میٹر سے زیادہ ہوگی، جس سے یہ دبئی کے برج خلیفہ کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی بلند ترین عمارت بن جائے گا۔ برج خلیفہ اس وقت 828 میٹر بلندی کے ساتھ دنیا کی بلند ترین عمارت کا اعزاز رکھتا ہے۔

جدہ ٹاور سعودی عرب کے بڑے ترقیاتی منصوبے جدہ اکنامک سٹی کا اہم حصہ ہے۔ منصوبے کا مقصد جدہ کو کاروبار، سیاحت اور سرمایہ کاری کے ایک بڑے عالمی مرکز کے طور پر ترقی دینا ہے۔

ٹاور کی تعمیر میں جدید انجینئرنگ اور ڈیزائن کو مدنظر رکھا گیا ہے، جبکہ اس کی غیر معمولی بلندی اسے دنیا کے نمایاں ترین تعمیراتی منصوبوں میں شامل کرتی ہے۔

جدہ ٹاور کی تکمیل نہ صرف سعودی عرب کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہوگی بلکہ عالمی تعمیراتی صنعت میں بھی ایک بڑی کامیابی تصور کی جائے گی۔

More News