ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس نے 4 تمغے اپنے نام کرلیے

ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس نے 4 تمغے اپنے نام کرلیے

بشکیک: کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقد ہونے والے چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رسہ کشی اور ماس ریسلنگ کے مقابلوں میں مجموعی طور پر 4 کانسی کے تمغے جیت کر ملک کا نام روشن کردیا۔

ورلڈ نومیڈ گیمز روایتی اور قدیم کھیلوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے والا ایک اہم بین الاقوامی ایونٹ ہے، جس میں دنیا بھر سے کھلاڑی شرکت کرتے ہیں۔ رواں ایڈیشن میں پاکستانی دستے نے گھڑ سواری، ماس ریسلنگ، رسہ کشی اور تیر اندازی سمیت مختلف روایتی کھیلوں میں حصہ لیا۔

رسہ کشی کے 11 ایکس مقابلے میں پاکستانی ایتھلیٹ طیب رضا اعوان نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ انہوں نے مختلف مراحل میں روس، جارجیا اور برطانیہ کے حریف کھلاڑیوں کو شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ تیسری پوزیشن کے فیصلہ کن مقابلے میں طیب رضا اعوان نے ایرانی حریف کو شکست دے کر پاکستان کے لیے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

رسہ کشی کے 88 ایکس ٹیم ایونٹ میں بھی پاکستانی ٹیم نے متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ قومی کھلاڑیوں نے روایتی حریف بھارت سمیت مختلف ممالک کی ٹیموں کے خلاف بھرپور مقابلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم نے ایونٹ کے دوران برطانیہ، روس، جنوبی کوریا، قازقستان، کرغزستان، برازیل اور جارجیا کی مضبوط ٹیموں کا سامنا کیا اور اپنی طاقت، مہارت اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔ بالآخر ایران کے خلاف کامیابی حاصل کرکے پاکستان نے ایک اور کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔

ماس ریسلنگ کے مقابلوں میں بھی پاکستانی ایتھلیٹس نے اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا۔ 90 کلوگرام کیٹیگری میں محمد عاصم نے سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایرانی ریسلر کو شکست دی اور تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ جیت لیا۔

خواتین کی 90 کلوگرام پلس کیٹیگری میں اقرا نصیب نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مضبوط حریفوں کے خلاف بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی اور پاکستان کے لیے چوتھا کانسی کا تمغہ جیت لیا۔

یوں ورلڈ نومیڈ گیمز 2026 میں پاکستان نے مجموعی طور پر 4 کانسی کے تمغے حاصل کیے، جو قومی ایتھلیٹس کی محنت، عزم اور روایتی کھیلوں میں مہارت کا ثبوت ہے۔ پاکستانی دستے کی کامیابی کو ملک کے کھیلوں کے حلقوں میں بھی مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز کا باقاعدہ اختتام اتوار کو ہوا۔ یہ عالمی ایونٹ وسطی ایشیا اور خانہ بدوش اقوام کی ثقافت، روایات اور قدیم کھیلوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔

ورلڈ نومیڈ گیمز کا آغاز 2014 میں ہوا تھا اور بشکیک میں ہونے والا ایونٹ اس سلسلے کا چھٹا ایڈیشن تھا۔ مقابلوں میں روایتی کشتی، تیر اندازی، گھڑ دوڑ، رسہ کشی اور دیگر قدیم کھیل شامل تھے، جن میں مختلف ممالک کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

پاکستانی کھلاڑیوں کی عالمی سطح کے اس ایونٹ میں شرکت اور کامیابی روایتی کھیلوں کے ساتھ ملک کی وابستگی اور کھیلوں کے میدان میں موجود صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ٹریڈیشنل اسپورٹس فیڈریشن کے تعاون سے پاکستانی دستے کی شرکت کو یقینی بنایا۔

صدرِ پاکستان، وزیراعظم پاکستان اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے کامیاب پاکستانی ایتھلیٹس اور منتظمین کو مبارکباد بھی پیش کی گئی ہے۔ حکام نے کھلاڑیوں کی محنت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ایتھلیٹس مستقبل میں بھی عالمی مقابلوں میں ملک کے لیے مزید اعزازات حاصل کریں گے۔

More News