سیلاب اور موسمیاتی خطرات کی نگرانی کے لیے خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال پر غور

سیلاب اور موسمیاتی خطرات کی نگرانی کے لیے خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال پر غور

اسلام آباد: پاک اقوام متحدہ کانفرنس کے تیسرے روز موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے خلائی اور جیو اسپیشل ٹیکنالوجی کے استعمال پر غور کیا گیا۔ کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین نے شرکت کی، جبکہ تین تکنیکی سیشنز اور دو پینل مباحثے منعقد ہوئے۔

سپارکو کے مطابق ماہرین نے سیلاب، شدید بارشوں، خشک سالی اور دیگر موسمیاتی خطرات کی بروقت نگرانی میں سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر فضائی آلودگی، جنگلات، گلیشیئرز اور زرعی پیداوار کی نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔

کانفرنس میں قدرتی آفات سے قبل آگاہی فراہم کرنے والے نظاموں کو مؤثر بنانے اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کم کرنے کے لیے خلائی معلومات سے استفادے پر زور دیا گیا۔ فصلوں کے نقصانات کا تخمینہ لگانے اور متاثرہ شعبوں کو مالی معاونت فراہم کرنے میں بھی جدید ٹیکنالوجی کے کردار پر گفتگو ہوئی۔

ماہرین نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

More News