راشد منہاس شہید کے مزار پر پروقار تقریب، پاک فضائیہ کے دستے کی سلامی

راشد منہاس شہید کے مزار پر پروقار تقریب، پاک فضائیہ کے دستے کی سلامی

کراچی: پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ، ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی تھے، جنہوں نے راشد منہاس شہید کے مزار پر حاضری دی۔ انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے راشد منہاس شہید کی لازوال قربانی کو سلامِ عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے دوران شہید کی وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی عظیم قربانی کو یاد کیا گیا اور ان کے بلند حوصلے، فرض شناسی اور حب الوطنی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

راشد منہاس شہید پاکستان کی تاریخ میں جرأت اور قربانی کی ایک روشن مثال ہیں۔ انہیں وطن کے دفاع اور قومی فرض کی ادائیگی کے دوران بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرنے پر نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔

تقریب میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وطن کے لیے جان قربان کرنے والے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں نے شہداء کے مشن کو جاری رکھنے اور ملک کی فضائی حدود کے دفاع کے لیے اپنے عزم کا اظہار بھی کیا۔

راشد منہاس شہید کی قربانی آج بھی قوم اور پاک فضائیہ کے لیے جرأت، وفاداری اور فرض شناسی کی علامت ہے۔

More News