یوم فضائیہ پر پاک فضائیہ کا نیا ملی نغمہ ریلیز
اسلام آباد: یومِ فضائیہ کے موقع پر پاکستان ایئر فورس کی جانب سے نیا ملی نغمہ ریلیز کر دیا گیا، جس میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کی جرأت، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
نئے نغمے کے بول پاکستان کی مٹی سے محبت اور وطن سے وفاداری کے جذبے کی عکاسی کرتے ہیں۔ نغمے میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کی جانب سے ملکی فضائی حدود کے دفاع اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کے مختلف مناظر کو بھی خوبصورت انداز میں فلمایا گیا ہے۔
نغمے میں پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں اور پائلٹس کی پیشہ ورانہ مہارت کو اجاگر کرتے ہوئے ان کی جانب سے وطن کے دفاع میں ادا کیے گئے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شاہینوں کی بے مثال جرأت اور عزم کو پاکستان کی فضائی طاقت کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
ملی نغمے میں وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فضائیہ کے شہداء کو بھی خصوصی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ شہداء کی قربانیوں کو پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور فضائی دفاع کے عزم کی روشن مثال قرار دیا گیا۔
نغمے کے ذریعے یہ پیغام بھی اجاگر کیا گیا کہ پاک فضائیہ کے شاہین مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر چیلنج کا سامنا کرنے اور ملکی فضائی حدود کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔








