
خیبر (عزت گل)
ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقہ سلطان خیل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار سفیر خان شہید جبکہ ان کا کمسن بیٹا طلحہ شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس اہلکار سفیر خان نماز تراویح ادا کرنے کے بعد حجرے سے اپنے گھر جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سفیر خان اور ان کا بیٹا طلحہ شدید زخمی ہو گئے۔
دونوں زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم سفیر خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے، جبکہ ان کے بیٹے طلحہ کو تشویشناک حالت میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
