وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی قیادت کرتے ہوئے وطن عزیز کی حفاظت میں جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کے گھر مانسہرہ میں آمد ۔ وزیراعظم نے شہید کی والدہ، اہلیہ اور بچوں سمیت تمام لواحقین سے ملاقات کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں کیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے شہید کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز نے ہمت و بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی اور وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر کرتی ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
وزیراعظم نے یقین دلایا کہ شہید کے اہل خانہ کا حکومت اور پاک فوج مکمل خیال رکھے گی۔ اس موقع پر انہوں نے شہید کے نام سے دانش اسکول کے قیام کا بھی اعلان کیا۔

وزیراعظم کی اس تقریب میں وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ، انجینئر امیر مقام، سردار محمد یوسف، مشیر وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ، کیپٹن (ر) محمد صفدر، مرتضی جاوید عباسی، اور شاہ جی گل آفریدی بھی موجود تھے۔

یہ دورہ ملک کے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کے اہل خانہ کے حوصلے بڑھانے کے لیے اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔







