گلگت بلتستان میں فائیو جی سروس کا کامیاب تجربہ
گلگت: سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) نے گلگت بلتستان میں فائیو جی سروس کا کامیاب تجربہ کرلیا، جس کے بعد خطے میں تیز رفتار انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
ایس سی او کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گلگت بلتستان میں فائیو جی سروس کا کامیاب تجربہ گزشتہ روز کیا گیا۔ اس پیش رفت کو خطے میں جدید موبائل انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کی دستیابی اور ڈیجیٹل رابطوں کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فائیو جی سروس کے آغاز سے انفارمیشن ٹیکنالوجی، ای کامرس، آن لائن تعلیم، ٹیلی میڈیسن، سیاحت اور ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ سمیت مختلف شعبوں میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ایس سی او کے مطابق تیز رفتار انٹرنیٹ کی دستیابی سے بالخصوص گلگت بلتستان کی نوجوان آبادی کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ نوجوان آن لائن تعلیم، فری لانسنگ، آئی ٹی اور دیگر ڈیجیٹل سرگرمیوں میں زیادہ مؤثر انداز میں حصہ لے سکیں گے۔
فائیو جی ٹیکنالوجی سے ای کامرس اور ڈیجیٹل کاروبار کے فروغ کے ساتھ ساتھ ٹیلی میڈیسن کے ذریعے دور دراز علاقوں میں طبی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ اسی طرح سیاحت کے شعبے میں بہتر ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی سے مقامی کاروبار اور سیاحوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
گلگت بلتستان میں فائیو جی کا کامیاب تجربہ ملک میں نئی موبائل ٹیکنالوجی کے رول آؤٹ کے دوران خطے کو شامل کرنے کے مطالبات کے تناظر میں بھی اہم پیش رفت ہے۔







