2000 سی سی تک مقامی ہائبرڈ گاڑیوں کو سیلز ٹیکس سے استثنیٰ
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں تیار ہونے والی ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے 2000 سی سی تک انجن رکھنے والی مقامی ہائبرڈ گاڑیوں کو سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے۔
وزارت خزانہ نے ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق سیلز ٹیکس قوانین میں ترمیم کردی ہے۔ نئی ترمیم کے مطابق پاکستان میں تیار ہونے والی وہ ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیاں جن کے انجن کی گنجائش 2000 سی سی تک ہے، سیلز ٹیکس استثنیٰ کے دائرے میں شامل ہوں گی۔
وزارت خزانہ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس کے بعد مقامی سطح پر تیار کی جانے والی متعلقہ ہائبرڈ گاڑیوں پر سیلز ٹیکس کے اطلاق سے متعلق نئی پالیسی واضح ہوگئی ہے۔
حکومت کے اس فیصلے کو ملک میں ہائبرڈ گاڑیوں کی مقامی پیداوار اور آٹو موبائل شعبے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ٹیکس میں رعایت کے باعث مقامی سطح پر ہائبرڈ گاڑیوں کی تیاری اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہونے کی توقع ہے، جبکہ صارفین کو بھی مستقبل میں اس شعبے میں مزید آپشنز دستیاب ہوسکتے ہیں۔
حکام کے مطابق ہائبرڈ ٹیکنالوجی ایندھن کے استعمال کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے، اس لیے مقامی ہائبرڈ گاڑیوں کے فروغ سے توانائی کی بچت اور ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہونے کی بھی امید ہے۔








