پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا، حافظ نعیم الرحمان
کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا، حکومت کو پیٹرولیم لیوی سے متعلق فیصلہ واپس لینا ہوگا۔
کراچی میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ ملک ایک مخصوص ٹولے کے ہاتھوں لوٹا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نوجوان بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے تو حکمران عوام کے سامنے ٹھہر نہیں سکیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر پیٹرولیم لیوی اور بھتہ ختم نہ کیا گیا تو احتجاجی تحریک حکومت کے گھیراؤ تک پہنچ سکتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وہ اگلے روز بھی کراچی میں موجود ہوں گے، جہاں ایک بڑے جلسے کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ اس کے بعد لاہور میں بھی جلسہ ہوگا۔ ان کے مطابق احتجاجی پروگرام کے تحت مردان اور پشاور میں بھی جلسے کیے جائیں گے، جس کے بعد جماعت اسلامی دوبارہ اسلام آباد کا رخ کرے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے فیصلے کی بھی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک نام نہاد اجلاس میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، تاہم جماعت اسلامی اسے قبول نہیں کرے گی۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اخراجات اور حکومتی عیاشیاں کم کی جائیں اور عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کی پالیسی ترک کی جائے۔








