موبائل ٹاورز میں چوری اور توڑ پھوڑ، 16 فیصد سیلولر سائٹس متاثر

موبائل ٹاورز میں چوری اور توڑ پھوڑ، 16 فیصد سیلولر سائٹس متاثر

لاہور: ملک بھر میں موبائل ٹاورز پر چوری اور توڑ پھوڑ کے واقعات میں تشویشناک اضافہ سامنے آیا ہے۔ گزشتہ 11 ماہ کے دوران ملک میں 9 ہزار 200 سے زائد چوری اور تخریب کاری کے واقعات رپورٹ ہوئے، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 16 فیصد سیلولر سائٹس متاثر ہوئی ہیں۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق تمام موبائل آپریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ موبائل ٹاورز پر چوری اور توڑ پھوڑ کے واقعات کی بروقت ایف آئی آر درج کرائی جائے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مقدمات کی مؤثر پیروی کرتے ہوئے انہیں منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق موبائل ٹاورز اور انٹرنیٹ سے متعلق مسائل کے حل کیلئے وزارت قانون، وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے کے درمیان مشاورت جاری ہے، جبکہ ٹیلی کام کمپنیوں سے بھی تجاویز طلب کی گئی ہیں۔

ادارے کے مطابق ٹیلی کام سائٹس کیلئے خصوصی بجلی کے ٹاورز اور سمارٹ گرڈ سسٹم پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں نیپرا، پاور ڈویژن اور ڈسکوز سے ٹیلی کام سائٹس کو صنعتی پاور ٹیرف فراہم کرنے کیلئے مذاکرات جاری ہیں۔

ٹیلی کام سائٹس پر لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے سیکریٹری وزارت آئی ٹی کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے، جو ایکسپریس فیڈرز اور سمارٹ ٹرانسفارمرز کے ذریعے موبائل ٹاورز کو بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے گی۔

More News