سفارتی حل کے لیے تیار، قومی خود مختاری کا دفاع کریں گے: ایرانی وزیر خارجہ
بیجنگ: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران خطے میں جاری کشیدگی کے سفارتی حل کا خیرمقدم کرتا ہے، تاہم اپنی قومی خود مختاری اور ایرانی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کے دفاع کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔
چینی دارالحکومت بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کے دوران عباس عراقچی نے کہا کہ تہران خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے پڑوسی ممالک کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ اور پرامن تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ مذاکرات کے سلسلے میں چین پہنچے تھے، جہاں انہوں نے اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر چین نے امریکا اور ایران پر زور دیا کہ وہ مزید کشیدگی سے گریز کریں اور مذاکرات کی جانب واپس آئیں۔
وانگ یی نے کہا کہ چین خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے اور اس کے یمن اور بحیرہ احمر تک پھیلنے کا خواہاں نہیں۔ انہوں نے واشنگٹن اور تہران پر زور دیا کہ زیرِ التوا معاملات پر بامعنی مذاکرات کیے جائیں۔
چینی وزیر خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والے اتفاق رائے کی بنیاد پر مذاکراتی فریم ورک بحال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔








