مریدکے: بس کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق، ساتھی شدید زخمی
مریدکے: نارووال روڈ پر لدھیکے کے قریب بس اور موٹرسائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ اس کا ساتھی شدید زخمی ہوگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ امدادی کارکنوں نے کارروائی کرتے ہوئے جاں بحق نوجوان کی لاش کو ہسپتال منتقل کردیا، جبکہ شدید زخمی نوجوان کو بیہوشی کی حالت میں لاہور کے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے 25 سالہ نوجوان کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔ حادثے کے بعد بس ڈرائیور گاڑی موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق نوجوان کے ورثاء کی تلاش شروع کردی گئی ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی جاری ہیں۔ پولیس نے حادثے میں ملوث بس کو تحویل میں لے کر فرار ہونے والے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کی گرفتاری کے بعد حادثے سے متعلق مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔







