ہنگو اور لوئر دیر کے عوام نئے صوبوں کے حق میں بول اٹھے
ہنگو اور لوئر دیر کے عوام نے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بڑی آبادی اور وسیع جغرافیہ کے باعث موجودہ نظام میں عوام کو بنیادی سہولیات اور سرکاری اداروں تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ چھوٹے انتظامی یونٹس اور نئے صوبوں کے قیام سے حکومت اور عوام کے درمیان فاصلہ کم ہوسکتا ہے، جبکہ تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی بہتر انداز میں ممکن ہوگی۔
ہنگو کے شہریوں کے مطابق علاقے کے مسائل کے حل کے لیے انتظامی اختیارات اور وسائل مقامی سطح تک پہنچانا ضروری ہے۔ لوئر دیر کے عوام نے بھی نئے صوبوں کے قیام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آبادی اور رقبے کے تناسب سے بہتر انتظامی تقسیم سے عوامی مسائل جلد حل کیے جاسکتے ہیں۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا کہ نئے صوبوں کے قیام پر سنجیدہ بحث شروع کی جائے اور تمام علاقوں کے عوام کی رائے کو سامنے رکھتے ہوئے قابلِ عمل انتظامی فارمولہ تشکیل دیا جائے۔








