اسلام آباد مارچ، خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی لگا دی

اسلام آباد مارچ، خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی لگا دی

پشاور: اسلام آباد ہائیکورٹ کے 14 ستمبر 2026 کے احکامات کی روشنی میں چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے تمام متعلقہ سرکاری افسران کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے اس حوالے سے آفس میمورنڈم جاری کیا گیا ہے، جس میں اسلام آباد کی جانب کسی بھی مارچ، ریلی یا جلوس کے لیے سرکاری وسائل، عوامی فنڈز یا سرکاری مشینری کے استعمال پر پابندی کی ہدایت کی گئی ہے۔

آفس میمورنڈم کے مطابق کوئی بھی سرکاری افسر اسلام آباد کی جانب ہونے والے مارچ، ریلی یا جلوس میں کسی قسم کی معاونت یا سہولت فراہم نہیں کرے گا۔ اگر کسی سرکاری افسر کو ایسے مارچ یا ریلی میں شرکت کے لیے کہا جائے تو اسے فوری طور پر چیف سیکریٹری یا انسپکٹر جنرل پولیس کو آگاہ کرنا ہوگا۔

ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ایسے مارچ یا ریلی میں کسی شخص کو شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی جس سے اسلام آباد میں شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔ تجارتی سرگرمیوں، کاروبار، تعلیمی اداروں اور طبی سہولیات تک رسائی میں رکاوٹ بننے والی کسی بھی مارچ یا ریلی کی اجازت نہ دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

چیف سیکریٹری آفس کے میمورنڈم میں اسلام آباد میں املاک کے پرامن اور قانونی استعمال میں رکاوٹ کا باعث بننے والی کسی مارچ یا ریلی کی اجازت نہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق سرکاری گاڑی، مشینری یا دیگر سرکاری آلات کو اسلام آباد جانے والے کسی مارچ، جلوس یا ریلی کی معاونت کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔ اسی طرح کسی بھی بہانے سے سرکاری وسائل یا عوامی فنڈز کو ایسی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے پر پابندی ہوگی۔

میمورنڈم میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی سرکاری ملازم کو اسلام آباد کی جانب مارچ، جلوس یا ریلی میں شرکت پر مجبور، آمادہ یا پابند نہیں کیا جائے گا۔

مارچ یا ریلی کے حوالے سے کسی رکاوٹ یا واقعے کی اطلاع کے لیے ہیلپ لائن نمبر 091-9210068 بھی فراہم کردیا گیا ہے۔

چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا آفس کی جانب سے تمام متعلقہ افسران کو عدالتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ میمورنڈم کے مطابق عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی سرکاری افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے یہ ہدایات اسلام آباد ہائیکورٹ کے 14 ستمبر کے حکم کی تعمیل میں جاری کی گئی ہیں۔

More News